عمران خان جن کو چور، ڈاکو کہتے تھے وہی مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت کر رہے ، مریم اورنگزیب 


اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہ سیاست کا نہیں بلکہ خدمت کا وقت ہے، عمران خان جن کو چور، ڈاکو کہتے تھے وہی مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں، معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، عمران خان کی نفرت اور انتشار قوم کو تقسیم کرے گا انہیں ایسا نہیں کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا 60 فیصد علاقہ زیر آب آ چکا ہے، تمام صوبے شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، وزیراعظم کے ہمراہ سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، صورتحال  انتہائی پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق سیلاب کے باعث 1200 کے قریب افراد جاں بحق جبکہ 4 ہزار زخمی ہوئے، جا ں بحق افراد میں 400  کے قریب بچے بھی شامل ہیں، لوگوں کے مویشی، گھر اور املاک سیلاب میں بہہ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ 10  ملکوں کی فہرست میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سیزن میں ملک میں گرمی کی شدید لہر تھی، جہاں 25  فیصد بارش متوقع تھی وہاں 400  فیصد سے زیادہ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت، پاک فوج، این ڈی ایم اے اور سول انتظامیہ کے دیگر ادارے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچائو اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سندھ کیلئے 15  ارب، بلوچستان اور کے پی کیلئے 10  ارب روپے کی گرانٹ دی ہے، جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندان کو 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے دیئے جا رہے ہیں، گھروں اور دیگر نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، وزیراعظم نے شدید بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کے تناظر میں کئی اجلاسوں کی صدارت کی جس کے بعد ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں تیزی لانے میں مدد ملی، زمینی رابطے کٹ جانے کے باعث ہیلی کاپٹر کے ذریعے امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کی مدد کی جا رہی ہے، سیلاب متاثرہ افراد میں25  ہزار روپے فی خاندان دیئے جا رہے ہیں، 6 لاکھ خاندانوں میں اب تک 15  ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں، حکومت سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلبائ￿  کیلئے بھی خصوصی مراعاتی پیکیج دے رہی ہے، تعلیمی اداروں میں متاثرہ علاقوں کے طلبائ￿œیلئے  فنڈ ریزنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے، وزیراعظم نے سیلاب متاثرہ انفراسٹرکچر کی فوری بحالی کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سنٹر کام کر رہا ہے جس میں تمام اتحادی جماعتوں کے نمائندے شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن