کراچی (نیوز رپورٹر)سیلاب زدگان میں 50، 50 روپے تقسیم کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پیپلز پارٹی کے ایم این اے میر منور تالپور کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی ہے، جس میں وہ دیہاتی سے کہہ رہے ہیں کہ پانی زیادہ آجائے تو پانی کو لاٹھیاں مارو۔ میر پور خاص کے علاقے جھڈو کے تعلقہ اسپتال کا دورہ کرنے کے دوران دیہاتی نے میر منور تالپور سے کہا کہ ’’ سائیں ریباری کے علاقے میں مزید پانی آرہا ہے‘‘۔ جس پر میر منور تالپور بولے، پانی زیادہ آ جائے تو پانی کو لاٹھیاں مارو۔ اس سے پہلے 50، 50 روپے بانٹنے کی ویڈیو پر جب میر منور تالپور کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا، تو انہوں نے ایک تقریب کے دوران وزیراعلی سندھ سے کہا کہ انہوں نے پیسے بانٹے تو لوگ مذاق اڑا رہے ہیں جس پروزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے انہیں یہ کہہ کر چپ کروادیا کہ کیمرے آن ہیں، خاموش رہیں۔