حضرت غوث بہاالدین زکریا ؒکے تین روزہ عرس کا آج سے آغاز،عام تعطیل ہوگی


ملتان ( خبر نگار خصوصی،سپیشل رپو رٹر،سماجی رپورٹر) حضرت غوث بہاالدین زکریا ملتانی ؒکے تین روزہ عرس کا آغاز آج سے ہوگا۔ درگاہ کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی 10 بجے دن تقریبات کا افتتاح مزار کو غسل دے کر کریں گے، درگاہ کے احاطے میں پاکستان زکریا اکیڈمی اور محکمہ اوقاف کے اشتراک سے قومی زکریا کانفرنس کی پہلی نشت میں صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی، پیر خالد سلطان قادری، خواجہ معین الدین کوریجہ، علامہ سید محمد رمضان شاہ فیضی، علامہ محمد فاروق سعیدی اور صاحبزادہ محمد عْثمان پسروری خطاب کریں گے۔ 3 ستمبر دس بجے دن قومی کانفرنس کی دوسری جبکہ 4 ستمبر اتوار کو دس بجے دن اختتامی تقریبات  ہوں گی۔ ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو کی ہدایت پر تمام محکموں نے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کی تزئین و آرائش کا پلان تیار کر لیا ہے اور کمپنی ورکرز صفائی کے لئے 24 گھنٹے ڈیوٹی پر مامور رہیں گے۔کمپنی کے سی ای او امیرحسن کی ہدایت پر منیجر آپریشنز انوارالحق نے ورکرز کا ڈیوٹی روسٹر جاری کردیا گیا ہے ۔قلعہ کہنہ قاسم باغ پر مسلسل چھڑکاو ہو گا اور سڑکوں پر روزانہ لائم لائننگ ہوگی۔ڈپٹی منیجر آپریشنز عثمان خورشید کو فوکل پرسن جبکہ سیکٹر آفیسر علمدار شاہ کو انچارج مقرر کردیا گیا ہے۔ عرس مبارک کے حوالے سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے آج مقامی عام تعطیل کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے ، ہائیکورٹ ملتان بینچ اور ڈسٹرکٹ و سول کورٹس میں آج مقامی چھٹی ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن