ڈی ایم سی ایسٹ‘ ضلع ملیر میںبھی متاثرین سیلاب کی مدد کو پہنچ گئی

Sep 02, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ، رحمت اللہ شیخ ضلع شرقی میں سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کے ساتھ ڈپٹی کمشنر ملیر عرفان سلام میرانی ودیگر افسران کے ہمراہ امدادی سامان لے کر کوہی گوٹھ ملیر پہنچ گئے جہاں متاثرین سیلاب میں کھانے پینے کی اشیاء سمیت دیگر ضروریات زندگی کا سامان فراہم کیا گیا.اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ڈی ایم توقیر عباس، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ حماد خان اور ایگزیکٹیو انجنئیر ایم اینڈای امتیاز بھٹو ان کے ہمراہ موجود تھے.ڈپٹی کمشنر ملیر عرفان سلام میرانی نے اس موقع پر کہا کہ ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ رحمت اللہ شیخ کے مشکور ہیں کہ وہ کوہی گوٹھ میں متاثرین سیلاب کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے امدادی سامان لے کر آئے، ڈی ایم سی  ایسٹ کی سیلاب متاثرین کی مدد کے حوالے سے خدمات قابل تعریف ہیں، ضلع ملیر میں متاثرین سیلاب کو سہولیات پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں.ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ رحمت اللہ شیخ نے اس موقع پر کہا کہ ڈی ایم سی ایسٹ ضلع شرقی کے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کے ساتھ ضلع ملیر پہنچی ہے جہاں کوہی گوٹھ میں سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں ہمارا مقصد سیلاب متاثرین کو پریشانی سے بچانا ہے جہاں بھی ضروریات ہونگی کوشش کرینگے کہ استطاعت کے مطابق مدد فراہم کریں.ڈائریکٹر اشتہارات حماد خان نے اس موقع پر کہا کہ یہ ایک مشکل گھڑی ہے جس  میں حدودقیود کی پابندی کے بغیر سہولیات پہچانے کی ضرورت ہے ڈی ایم سی ایسٹ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

مزیدخبریں