لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک منہاج القرآن سینٹرل پنجاب کے جملہ فورمز نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے لئے 200سے زائد مقامات پر فلڈریلیف کیمپ قائم کردئیے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن اپنے غم زدہ بھائیوں کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ عہدیداران و کارکنان متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور متاثرین سیلاب کے لئے حکمت عملی بنا کر امدادی کام کررہے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن سینٹرل پنجاب نے لاہور، شیخوپورہ،مرید کے، ننکانہ صاحب، قصور، پتوکی، گوجرانوالہ، ڈسکہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال،منڈی بہاؤالدین،فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سمندری، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ سمیت دیگر شہروں میں ریلیف قائم کردئیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے لاہور و دیگر شہروں میں قائم کیے گئے ریلیف کیمپوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔