کوئٹہ ( اے پی پی ) چیئرمین ڈسٹرکٹ زکوٰۃ کمیٹی کوئٹہ زین العابدین خلجی کی قیادت میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار سے سیلاب زدگان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب پہنچ کر مظاہرے کی شکل اختیار کرگئی۔ جس سے ڈسٹرکٹ زکوٰۃ چیئرمین کوئٹہ زین العابدین خلجی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے بلوچستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہونے والی تباہی 2010 کے سیلاب سے بہت زیادہ ہے ، سیلاب سے پورا بلوچستان تباہ ہوچکا ہے بڑے پیمانے پر جانی نقصانات ہوئے ہیں تیار فصلیں تباہ ، مال ومویشی ہلاک ہوچکے ہیں ، ایسے میں تمام سیاسی جماعتیں متاثرین کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے متحد ہوکر ہنگامی صورتحال سے نمٹیں۔انہوں نے سیلاب اور بارشوں کے متاثرین کو ریسکیو اور انہیں ریلیف فراہم کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک پر جب بھی کوئی مشکل وقت آیا تو پاکستان فوج نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ، انہوں نے کور کمانڈر بلوچستان سے اپیل کی کہ ہزاروں بے گھر اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لئے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں۔