کورونا کی چھٹی لہر کے وار جاری ہیں، ملک بھر میں موذی وائرس سے مزید 4 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں۔
قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) کی رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 13 ہزار 455 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 242 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
این آئی ایچ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کی شرح 1.80 فیصد ریکارڈ کی گئی۔این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا سے 4 مریض انتقال کر گئے جبکہ 115 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان بھر میں اب تک 30 ہزار 586 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ کورونا وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 69 ہزار 537 ہو چکی ہے۔قومی ادارہ برائے صحت کی رپورٹ کے مطابق مہلک وائرس میں مبتلا اب بھی 118 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، جنھیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
پاکستان کو کووڈ۔ 19 سے بچاؤ کے لیے سات کروڑ 70 لاکھ ویکسین کی فراہمی کے عزم کے تحت ویکسین کی 90 لاکھ اضافی خوراکوں کی آمد کا سلسلہ کل سے شروع ہو گیا تھا۔امریکی سفارت خانے کے مطابق کورونا ویکسین کی 90 لاکھ اضافی خوراکوں کی آمد آج سے شروع ہو جائے گی، ویکسین فراہمی کا مقصد کورونا سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کو ویکسین، دیگر سامان اور تربیت فراہم کی ہے، دونوں ممالک کو کووڈ-19 سے نمٹنے کے لیے مِل جُل کر کام کرنے کا موقع میسر ہوگا۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو سب سے زیادہ کووڈ-۱۹ ویکسین عطیہ کرنے والا واحد مُلک ہے، پاکستان میں جاری انسداد کورونا مہم کی معاونت کے لیے یو ایس ایڈ کی جانب سے دو کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔