سید علی ہجویریؒ کی عظیم خدمات کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا: عبدالخبیر آزاد

لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے بادشاہی مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام الانبیاء حضرت محمد مصطفی  ساری کائنات انسانی اور سارے جہانوں کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے، دنیا کی تمام مشکلات و مسائل کا حل سیرت نبوی کی پیروی میں ہے، اللہ تعالیٰ نے آپ کو رحمت للعالمین بنا کر بھیجا۔ حضرت علی ہجویریؒ کی دین اسلام کیلئے خدمات تمام مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہیں، سیدنا علی ہجویریؒ  فخر الاولیاء  تھے جنہوں نے لوگوں کو راہ راست پر لاکر ایک عظیم فکر دی، آپ کی تبلیغ اسلام و اشاعت دین کیلئے عظیم خدمات کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ آج لاکھوں انسان آپ کی سالانہ تقریب میں آنا اپنے لیے شرف سمجھتے ہیں۔ محکمہ اوقاف پنجاب نے عرس کے حوالے سے پروگرام ترتیب دیا جس میں دنیا بھر کے علما  و مشائخ اور عوام الناس شرکت کر رہے ہیں۔ آخر میں حضرت سید علی ہجویریؒ کی بلندی درجات کیلئے دعا مغفرت اور پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن