کراچی (کامرس رپورٹر) سٹیٹ بینک نے شرح سود میں رد و بدل کے حوالے سے ہنگامی اجلاس بلائے جانے کی خبروںکی تردید کی ہے۔ترجمان سٹیٹ بینک کے مطابق زری پالیسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد کیے جانے کی رپورٹیں بے بنیاد ہیں، سٹیٹ بینک کی زری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے ہنگامی اجلاس کے انعقاد کے بارے میں میڈیا میں گردش کرنے والی رپورٹیں قطعی بے بنیاد ہیں۔ مستقبل کے پالیسی ریٹ سے متعلق پیش گوئی کرنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ صرف زری پالیسی کمیٹی ہی پالیسی ریٹ کے بارے میں فیصلہ کرنے کی مجاز ہے۔ زری پالیسی کمیٹی کے آئندہ اجلاس کے انعقاد کی تاریخ 14 ستمبر 2023ہے، جس کے دوران وہ معاشی حالات کا جائزہ لے گی اور اس سلسلے میں موزوں فیصلہ کرے گی۔