سائفر کیس کی اٹک جیل میں سماعت کیخلاف درخواست پر اعتراض دور، جواب طلب

Sep 02, 2023

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کے خلاف درخواست پر اعتراضات دور ہونے پر سیکرٹری قانون، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر، آئی جی اسلام آباد، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ اور اٹک جیل کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت سے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر حکم نامہ جاری کردیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت کو اٹک جیل منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی درخواست دی تھی۔ علاوہ ازیں جسٹس عامر فاروق  نے توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمشن فیصلہ کے خلاف اپیل واپس لینے کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی کی متفرق درخواست 13 ستمبر کو سماعت کے لیے مقررکرنے کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ اپیل واپس لینے کی دوسری درخواست ہے، یہ معاملہ کافی وقت سے زیر التوا ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ ابھی آپ کیا چاہ رہے ہیں، جس پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اگر ہماری اپیل اور پرانی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی جائے تو اس درخواست پر مزید دلائل نہیں دوں گا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ چھٹیوں کے بعد پہلے ہفتے میں ہی آپ کی درخواستیں سماعت کیلئے رکھ لیتے ہیں۔

مزیدخبریں