ائر چیف کی ترک ائر فورس اکیڈمی کی گریجوایشن تقریب میں شرکت

انقرہ (نوائے وقت رپورٹ) سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے ترک ایئر فورس اکیڈمی کی گریجوایشن تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف نے پرتپاک دعوت پر ترک صدر طیب اردگان سے اظہار تشکر کیا۔ ایئر چیف نے ترک فضائیہ کے ساتھ شراکت داری بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے ترک فضائیہ کے کمانڈر سمیت مختلف اعلیٰ سطح کی شخصیات سے ملاقات کی۔ ایئر چیف ظہیر احمد بابر نے دو طرفہ عسکری تعاون اور ٹیکنالوجی کے اشتراک اور ففتھ جنریشن لڑاکا طیاروں کی تیاری میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے پاک ترک برادرانہ تعلقات کو تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک ترکیہ تعلقات چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی اتحاد پر مبنی ہیں۔ ایئر چیف ظہر احمد بابر نے ہنگری کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل گیبور بورونڈی سے بھی ملاقات کی۔گریجوایشن تقریب میں قطر کے وزیر مملکت برائے دفاع اور نائب وزیراعظم اور  آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکر حسنوف بھی شریک تھے۔ تقریب میں اعلیٰ عسکری عہدیداران اور دنیا بھر سے اعلیٰ سطح کے ریاستی حکام نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن