اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کسٹمز حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملک سے چینی، پٹرولیم مصنوعات، یوریا، زرعی اجناس اور دیگر اشیاء کی سمگلنگ کے سختی سے سد باب کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں سمگلنگ میں ملوث سرکاری افسران کی انٹر ایجنسی رپورٹ مرتب کی جائے، ان کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ایران کے ساتھ بارڈر مارکیٹس کو مزید فعال کیا جائے تاکہ تجارت باقاعدہ دستاویزی عمل سے ممکن ہو سکے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت سمگلنگ کی روک تھام کے متعلق اجلاس ہوا‘ وزیراعظم نے کسٹمز حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملک میں چینی، پٹرولیم مصنوعات، یوریا، زرعی اجناس اور دیگر اشیاء کی سمگلنگ کے سد باب کی سختی سے ہدایت کی۔ اجلاس کو بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سمگلنگ کے خلاف حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک محنت کی وجہ سے ملک میں سمگلنگ میں چالیس فیصد کمی آئی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو سمگلنگ میں ملوث سرکاری افسران کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ بلوچستان میں سمگلنگ میں ملوث سرکاری افسران کی انٹر ایجنسی رپورٹ مرتب کی جائے۔ انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ملکی معیشت کے مجموعی حجم کو سمگلنگ کی وجہ سے اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے جس کی وجہ سے سمگلنگ کے اس ناسور کو ملک سے ختم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ سے پاکستان کو سالانہ 300 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں۔ وزیراعظم نے ہز میجسٹی کنگ چارلس III کے ساتھ ساتھ برطانیہ کی قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی اور تعلیم میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ہائی کمشنر نے برطانوی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ برطانیہ جمہوری تبدیلی کے اس مرحلے میں پاکستان کی ہرممکن مدد جاری رکھے گا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پاکستان میں ایران کے سفیر رضال امیری مغدم نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے ان تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کے لئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایرانی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ ایران دوطرفہ تعلقات بالخصوص معیشت، توانائی اور سلامتی کے شعبوں میں حالیہ مثبت سمت کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے ملاقات کی۔ ملاقات میں منیر اکرم نے وزیراعظم کو آئندہ آنے والی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی(یو این جی اے 78) کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ممتاز کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کو ان کی دوسری برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ جمعہ کو ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ ظلم و ستم سہنے کے باوجود کشمیر کاز سے ان کی وابستگی بے مثال تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں آزادی اور انصاف کے لیے سید علی شاہ گیلانی کی زندگی بھر کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے کہ خصوصی سرمایہ کار سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے آئی ٹی ، زراعت، کان کنی اور دفاعی پیداوار سمیت ترجیحی شعبوں میں اقدامات کرنا ہوں گے،ملک کی ترقی کے لئے مل کر پختہ عزم کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے، ملک میں انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کاکام ہے، نگران کابینہ میں بہترین لوگوں کا انتخاب کیاگیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر صحافیوں اور اینکرز سے گفتگو کرتیہوئے کیا۔ نگران وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگران حکومت معاشی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے۔ نگران وزیراعظم سے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر نے ملاقات کی۔ نگران وزیراعظم نے پاک یورپی یونین تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نگران وزیراعظم نے جی ایس پی پلس سکیم جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
چینی، پٹرول یوریا، زرعی اجناس کی سمگلنگ کا سد باب، ملوث افسروں کیخلاف کارروائی کی جائے: وزیراعظم
Sep 02, 2023