مظفرآباد؍ سرینگر (این این آئی) ممتاز حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی دوسری برسی لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی ہدایت پر سید علی شاہ گیلانی کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے گراں قدر خدمات پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سیمینارز و تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ مقررین نے سید علی شاہ گیلانی کی بے مثال خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے انکے مشن کی تکمیل کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔ مہمان خصوصی چوہدری محمد رشید نے کہاکہ قائد حریت سید علی شاہ گیلانی نے اپنی ساری زندگی تحریک آزادی کے لیے وقف کر دی، ان کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ سید علی گیلانی کا مشہور نعرے ’ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے ‘ آج ہر کشمیری کے دل کی آواز ہے۔ جہد مسلسل پر سید علی شاہ گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں، اگر بھارت نے آزادکشمیر کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا توآزادکشمیر کا بچہ بچہ اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ہوگا۔ انشاء اللہ وہ وقت جلد آئے گا جب سرینگر کے لال چوک میں سبزہلالی پرچم لہرائے گا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنما زاہد صفی نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی جہد مسلسل کا نام ہے، ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہوگا۔ سید علی شاہ گیلانی کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ بھارتی قابض انتظامیہ نے تحریک آزادی کے عظیم قائد سید علی گیلانی کی شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر لوگوںکو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں انکی قبر پرفاتحہ خوانی کیلئے جانے سے روکنے کیلئے سخت پابندیاں عائد کر دیں فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیئے۔ ضلع بڈگام میں بھارتی پیراملٹری فورس کے کم سے کم 8 اہلکار سڑک کے ایک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے۔