پشاور (نیٹ نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کے آنے سے مہنگائی کے اندھیروں اور مایوسی کا خاتمہ ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) نے خیبر پی کے میں صوبائی‘ ڈویژن اور ضلع کی سطح پر آرگنائزنگ کمیٹیوں کی تشکیل اور یوتھ کوآرڈینیٹرز کی تقرری کا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ صوبے‘ ڈویژن‘ ضلع کے بعد اب تحصیل کی سطح پر یوتھ کوآرڈینیٹرز کی تقرری کا حتمی مرحلہ مکمل کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے کو مسلم لیگ (ن) کا قلعہ بنانا ہے۔ صوبے اور عوام کو ترقی سے ہمکنار کریںگے۔ ترقی کا حق کے پی کے کو بھی ہے۔ 10 سال خیبر پی کے کے وسائل کو صرف لوٹا گیا۔ ہیلی کاپٹر سے نیچے پائوں نہ اتارا۔ نوجوان سیلاب کے پانیوں میں مدد کیلئے پکارتے رہے۔ گزشتہ 4 برس کی بربادی کو دوبارہ خوشحالی میں تبدیلی کرنے کا ہمارا عزم ہے۔ نواز شریف نے عوام کی خدمت کے مخلصانہ جذبے سے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا۔ سی پیک جیسے منصوبے دوبارہ شروع کرکے بیروزگاری اور مہنگائی سے نجات دلائی۔ نواز شریف کی قیادت میں مہنگائی‘ بیروزگاری اور معاشی بدحالی کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے۔ عوام کی امید نوازشریف ہے۔ نوازشریف کے ہوتے ہوئے عوام مایوس نہ ہوں۔