لندن (نیٹ نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی ہے۔ ترجمان گورنر سندھ نے کہا ہے کہ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال‘ عام انتخابات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم شہبازشریف اور سینیٹر اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ چودھری پرویزالٰہی کی گرفتاری عدالتی معاملہ ہے۔ نواز شریف پاکستان کی موجودہ معاشی و سیاسی صورتحال پر پریشان ہیں۔ لندن میں نوازشریف سے ملاقات کے بعد گفتگو میں کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ نوازشریف نے کہا کہ 2017ء میں جب ان کی حکومت تھی‘ بجلی کا بل 15 سو سے 2 ہزار آتا تھا۔ ملاقات میں ملک کی معاشی اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ نواز شریف کی واپسی کا فیصلہ ان کی پارٹی مسلم لیگ (ن) کرے گی۔ میاں صاحب کا کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ صورتحال پر ذمہ داروں کا احتساب ہونا چاہئے۔ عمران خان نے اپنے ساڑھے تین سالہ دور میں کوئی معاشی پالیسی نہیں دی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹے وعدے کرکے پاکستانی عوام کے دل توڑے۔ موجودہ صورتحال کی تمام تر ذمہ داری عمران خان پر ہے۔