سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔ذرائع کے مطابق جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر ان کیمرہ سماعت ہوئی۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کی جانب سے درخواست ضمانت پر دلائل سننے کی استدعا کی گئی جبکہ اسپیشل پراسیکیوٹرز کی جانب سے آج درخواست ضمانت پر دلائل سننے کی مخالفت کی گئی۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان اور سلمان صفدر نے درخواست ضمانت پر دلائل دیے۔ذرائع کے مطابق وکیل صفائی سلمان صفدر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کے لیے اٹک جیل میں رکاوٹ پیدا نہ کی جائے، اٹک جیل جب بھی گئے تو وکلاء کو ڈیڑھ کلومیٹر پیدل چلنا پڑا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ پراسیکیوٹر نے پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواستوں پر اعتراض اٹھایا۔ذرائع کے مطابق سلمان صفدر نے کہا کہ اٹک جیل میں ٹرائل کے خلاف درخواست دائر ہے۔