امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غلط معاہدوں سے بجلی کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور ہم بجلی کو رو رہے تھے کہ پیٹرول بم ہم پر استعمال کیا گیا ۔
راولپنڈی میں گرینڈ یوتھ کنونشن سےخطاب میں سراج الحق نے کہاکہ بجلی کے بلوں میں 16 اقسام کے ٹیکسز لگائے گئے ہیں،پاکستان کی سیاست اور معیشت آئی ایم ایف کی مرہون منت ہے، 13جماعتی اتحاد پی ڈی ایم نے عوام کو آئی ایم ایف کاغلام بنایا، آئی ایم ایف کی غلامی کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اشرافیہ 500 ارب سے زائد مفت بجلی کھاجاتی ہے، عوام اگر خاموش رہی تو آئندہ سانس لینےکا ٹیکس بھی ادا کرنا پڑےگا۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ملک کو بند گلی کی طرف دھکیلا ہے، عالمی اداروں کی رپورٹ ہے کہ پاکستان میں 90 لاکھ نوجوان منشیات کاشکارہیں اور 8 لاکھ لوگ پاکستان چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ پانچ سال جو جماعتیں حکومت کرکےگئیں انہوں نےملک کا امن تباہ کردیا، ملک میں ڈاکو راج ہے، بلوچستان اورکے پی میں امن و امان کی صورتحال بدترین ہے، عوام نے موقع دیا تو پہلی فرصت میں سودی نظام ختم کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ زرداری کا مسئلہ بلاول اور نواز شریف کا مسئلہ مریم کو وزیراعظم بنانا ہے، حکمرانوں کے بینک اکاؤنٹس میں اضافہ اور عوام سر درد کی گولی کےلیے ترس رہی ہے، حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے اضافہ کیا ہے، چینی کی قیمت 180 روپے تک پہنچ گئی ہے، وقت آگیا ہےعوام چور حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔