مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے عالمی عدالتوں میں نمائندگی کے لیے بیرسٹر جیفری رابرٹسن کو ہائر کر لیا، رابرٹسن ملعون سلمان رشدی کا وکیل رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے اس فیصلے پرمسلم لیگ ن کے رہنما عطاتارڑ نے پریس کانفرنس میں انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’کیا آپ اس ملک اور ریاست کےخلاف عالمی عدالت جارہے ہیں، بس اس کی کسررہ گئی تھی‘۔عطا تارڑ نے کہا کہ آپ نے 9 مئی واقعات میں اداروں کو نشانہ بنایا، جیفری روبرٹسن کو وکیل مقرر کیا ہے، میں حیران ہوں کوئی اتنا مکروہ کام بھی کرسکتا ہے۔جیفری روبرٹسن سلمان رشدی کی وکالت کرچکا ہے، کیا پوری دنیا میں آپ کو سلمان رشدی کا ہی وکیل ملا تھا۔ جیفری روبرٹسن کہتا ہے میں نے رشدی کو اپنے گھر میں پناہ دی۔ گھر میں پناہ اسے دیتے ہیں جس سے لگاؤ ہوتا ہے۔جیفری روبرٹسن کے اسرائیل کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، انہوں نے 1971 میں فوج کے خلاف رپورٹ لکھی۔لیگی رہنما نے کہا کہ کس نے کہا تھا سائفر کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ہے؟ ہم نے کہا تھا کہ آپ ہیرے جواہرات کا کام شروع کردیں؟ ہم نے نہیں کہا تھا کہ القادر نیورسٹی میں زمین لے کر پراپرٹی ٹائیکون کو اربوں کا فائدہ دیں۔ سانحہ 9 مئی میں آپ کا پورا خاندان ملوث ہے۔عطا تارڑ نے عمران خان کے سُسر کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گولڈ اسمتھ اور جیفری رابرٹسن کے تانے بانے ملتے ہیں۔عطاءتارڑ نے کہا کہ کیا آپ اس حد تک آگے چلے گئے ہیں کہ اسلام مخالف وکیل کو پاکستان کے خلاف کھڑا کر رہے ہیں، جیفری رابرٹسن نے نہ صرف مسلمان محاذ بلکہ عیسائی برادری کے خلاف بھی کیس لڑے ہیں،اس شخص کی جانب سے پہلی جنگ عظیم کے بعد ترکی پر نہایت گھٹیا الزامات لگائے گئے،آپ جو کیسز بھگت رہے ہیں آپ کا اپنا کیا دھرا ہے،اب کہ دیں کہ 9 مئی آپ نے نہیں کیا تھا۔
کیا پُوری دنیا میں آپ کوسلمان رشدی کاوکیل ہی ملاتھا،عطاتارڑ
Sep 02, 2023 | 14:05