کیا آپ کو معلوم ہے کہ روزانہ کتنے گلاس پانی پینا صحت کے لیے ٹھیک رہتا ہے ؟ یقیناً بیشتر افراد کے ذہنوں میں 8 کا ہندسہ گونجا ہوگا جو کہ ہمارے ذہنوں میں برسوں سے روزانہ پانی کے استعمال کی مثالی مقدار کی شکل میں چپک چکا ہے۔
مگر حقیقت تو یہ ہے کہ روزانہ کتنا پانی پینا چاہئے اس کا انحصار فرد کے جسمانی وزن اور ساخت پر ہوتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق ہر فرد کے لیے پانی کی مقدار مختلف ہوسکتی ہے مگر ہم متحرک بالغ افراد کو 2 سے 4 لیٹر پانی پینے کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ جسم میں اس سیال کی مقدار مناسب سطح پر رہ سکے جبکہ پانی کی ضرورت میں کمی بیشی کا انحصار موسم پر بھی ہوتا ہے۔
اگر آپ ورزش کرتے ہیں تو پانی کا زیادہ استعمال کرنا چاہئے کیونکہ پٹھوں کو مناسب افعال اور مرمت کے لیے زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔
اسی طرح جسم گرم موسم میں پسینے کے ذریعے خود کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے کافی محنت کرتا ہے اور اگر پسینہ زیادہ آئے تو پانی زیادہ پینا چاہئے تاکہ ڈی ہائیڈریشن سے بچا جاسکے، یعنی پیاس محسوس کیے بغیر بھی دن بھر جب موقع ملے پانی پی لیں۔
کچھ طبی ماہرین جسمانی وزن اور اونس کو پانی پینے کا معیار قرار دیتے ہیں، جیسے اگر آپ کا وزن 180 پونڈ (81 کلو گرام سے زیادہ) ہو تو 90 اونس پانی یا 3 لیٹر پانی روزانہ جسم کی ضرورت ہوتی ہے۔
اس سے ہٹ کر امریکا کا مایو کلینک نے خواتین کو روزانہ 2.7 لیٹر اور مردوں کو 3.7 لیٹر پانی پینے کا مشورہ دے رکھا ہے۔