دوسرا ٹیسٹ: لٹن، مہدی نے بنگلہ دیش کو بچا لیا، ٹیم 262 پر آؤٹ

Sep 02, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں لٹن داس اور مہدی حسن میراز کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیشی ٹیم 26 رنزپر 6 وکٹیں گنوانے کے باوجود 262 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔راولپنڈی کرکٹ سٹڈیم میں جاری 2 میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے  10 رنز سے اننگز کا آغاز کیا اور  4 رنز کے اضافے کے بعد ہی اوپنر ذاکر حسن ایک رن بنا کر  چلتے بنے۔ شادمان اسلام 10، نجم الحسین شانتو 4 کو بھی خرم شہزاد نے پویلین کی راہ دکھائی،  مؤمن الحق ایک اور مشفق الرحیم 3 رنز بنا کر میر حمزہ کا نشانہ بنے۔شکیب الحسن کو 2 رنز پرخرم شہزاد نے چلتا کیا۔26 رنز 6 وکٹیں گرنے کے بعد ا لٹن داس اور مہدی حسن وکٹ پر ڈٹ گئے۔دونوں نے  165 رنز کی شراکت قائم کی۔ 78 رنز کی  باری کھیلنے والے مہدی حسن میراز باؤلر کو انہی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔خرم نے اگلے اوور میں تسکین احمد کا بھی کام تمام کردیا۔ لٹن داس نے  حسن محمود کے ہمراہ نویں وکٹ کیلئے 69 رنز کی شراکت بنا کرسکور کو 262 تک پہنچا دیا۔ وہ  138 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آغا سلمان کی وکٹ بن گئے۔آغا سلمان نے ناہید رانا کو بھی ایل بی ڈبلیو کرکے بنگلہ دیش کی بساط 262 رنز پر لپیٹ دی۔ خرم شہزاد نے 6، میر حمزہ نے 2 اور آغا سلمان نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز  مایوس کن رہا اور عبداللہ شفیق تین رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔نائٹ واچ مین خرم شہزاد کو  حسن محمود نے  بولڈ کر دیا۔پاکستان نے 2 وکٹوں پر 9 رنز بنائے تھے اور مجموعی طور پر 21 رنز کی برتری حاصل ہے۔پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔بنگلہ دیش کو دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔ 

مزیدخبریں