لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کو خط لکھ کر مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کیلئے تجاویز دی ہیں۔ پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر انور کاشف ممتاز،جنرل سیکرٹری ریحان صدیقی ،سینئر نائب صدور زاہد عتیق چودھری،فاروق مجید،نائب صدر عاشق علی رانا،جوائنٹ سیکرٹری سید عرفان حیدر شاہ،سیکرٹری اطلاعات عمران احمدخان کی جانب سے لکھے گئے خط میں راشد محمود لنگڑیال کو چیئرمین ایف بی آر کے عہدہ پر تعیناتی کی مبارکباد دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ انکم ٹیکس کی طرح سیلز ٹیکس کی تمام کارروائی ، نوٹیفکیشن اوراپیل وغیرہ کو آن لائن کیا جائے تاکہ آڈٹ کا شفاف نظام بحال ہوسکے ،سیلز ٹیکس کے ایس آر او 350(1)2024 کی وضاحت کی جائے جو ایس آر او 1130 میں کی گئی ہے جو ابھی مکمل بھی نہیں ہے اور نہ آیا ہے۔ امپورٹ پر ٹیکس کٹوتی 5.5فیصداور 6.5فیصدانکم ٹیکس 2024 کے گوشوارے میں ظاہر نہیں ہورہے جس کی وجہ سے ریٹرن جمع کرانے میں مشکلات درپیش ہیں۔ سسٹم کی خرابی کی وجہ سے لاکھوں ٹیکس دہندگان لیٹ فائلر کی کیٹگری میں چلے جائیں گے۔ڈیجیٹلائزیشن کی وجہ سے وفاق اور صوبوں کے درمیان ٹیکس دہندگان کی ڈبل ٹیکسیشن ہو رہی ہے۔ جو قانونی آئینی تضاضوں کے منافی ہے۔
راشد محمود لنگڑیال کو چیئرمین ایف بی آر کے عہدہ پر تعیناتی کی مبارکباد
Sep 02, 2024