غزہ، پولیو مہم شروع، 89 فلسطینی شہید: امریکی سمیت 6 یرغمالیوں کی نعشیں برآمد

Sep 02, 2024

غزہ+ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیل کا غزہ اور مغربی کنارے ظلم و جبر تھم نہ سکا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صیہونی فورسز کے حملوں میں مزید 89 فلسطینی شہید جبکہ 205 زخمی ہو گئے عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے وسطی علاقے نصیرات میں اسرائیلی حملوں میں 20 افراد شید ہوئے شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کے گھروں پر حملوں میں سات فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق رفاہ میں بھی صیہونی فورسز کی بمباری سے دو فلسطینی نوجوان شہید ہو گئے۔ مغربی کنارے میں صیہونی فوج کی کارروائیوں میں دو فلسطینی شہید ہوئے جبکہ بیس کو گرفتار کر لیا گیا جنین میں بھی بمباری سے دو فلسطینیوں نے جام شہادت نوش کیا۔ شہدا کی تعداد 412 سے زائد ہو گئی۔ معروف فلسطینی ٹک ٹاکر19سالہ محمد حلیمے اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد حلیمے اپنی ویڈیوز میں غزہ کے خیموں میں فلسطینیوں کی زندگی دِکھاتے تھے اور ویڈیوز کے ذریعے دنیا کو فلسطینیوں کی مشکلات سے آگاہ اور دنیا کو پناہ گزین کیمپوں کے حالات بتاتے تھے۔ رفح کی 20 میٹر زیر زمین سرنگ سے حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے 6 اسرائیلیوں کی نعش برآمد ہوئی ہیں جن میں سے ایک امریکی نژاد ہرش گولڈ برگ ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق 24 سالہ ایڈن یروشلمی، 25 سالہ اوری ڈینینو، 32 سالہ الیکس لبنوف، 40 سالہ کارمل گیٹ، اور 27 سالہ الموگ ساروسی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری نے بتایا کہ ان یرغمالیوں کی نعشیں ایک سرنگ سے ملیں جو اْس سرنگ سے تقریباً ایک کلومیٹر کی دوری پر تھی جہاں سے ہم نے چند روز قبل ایک یرغمالی فرحان القادی کو بازیاب کرایا تھا۔ سرنگ کے اندر حماس کیساتھ کوئی جھڑپ نہیں ہوئی۔ ہمارے پہنچنے تک وہ یرغمالیوں کو قتل کر کے فرار ہو چکے تھے۔ مقتولین کے اہلخانہ اور متعلقہ گروپس نے نیتن یاہو کے خلاف مظاہروں کا اعلان کر دیا۔ بیان میں کہا حکومت نے یرغمالیوں کو مرنے کے لئے چھوڑ دیا ہے۔ جوبائیڈن نے کہا ہم غزہ میں معاہدے تک پہنچنے کے قریب ہیں۔ امریکی شہری کی ہلاکت پر دکھ ہوا۔ مسلسل پانچویں روز بھی قابض اسرائیل کی برّی اور فضائی افواج نے مغربی کنارے کے علاقوں جنین، طولکرم اور طوباس کے پناہ گزین کیمپوں پر حملے جاری رکھے۔ اسرائیلی ٹینکوں نے نہتے فلسطینیوں پر چڑھائی کر دی۔ صیہونی ریاست کی قابض فوج نے پناہ گزین کیمپوں میں نہتے فلسطینیوں پر گولیاں برسائیں اور نجی املاک کو نذر آتش کر دیا۔ مظلوم فلسطینی اشیاء خورد و نوش اور انٹرنیٹ سے محروم ہیں۔ شہید ہونے والوں میں اسلامی جہاد کے کمانڈرز بھی شامل ہیں جب کہ آج ہونے والی ایک جھڑپ میں اسرائیلی فوج کا ایک اہلکار بھی مارا گیا۔ غزہ میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ حماس نے کہا ہم اپنے قیدیوں کا جوبائیڈن کی سوچ سے زیادہ رکھتے ہیں۔ تمام یرغمالی اسرائیلی صفائی حملوں میں ہلاک ہوئے۔ برطانوی وزیراعظم نے رفح کی سرنگ سے 6 اسرائیلی یرغمالیوں کی نعشیں ملنے پر ردعمل میں کہا ہے کہ غزہ میں چھ یرغمالیوں کی ہلاکت پر سخت پریشان ہوں، تمام فریقین کو یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی پر معاہدہ فوری کرنا چاہئے۔ پوپ فرانس نے بیان میں کہا کہ اسرائیل غزہ تنازعہ فلسطین کے دیگر شہروں میں پھنسنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ اپیل کرتا ہوں فوری جنگ بندی کی جائے اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے بات چیت نہ روکی جائے۔ غزہ میں پولیو اور دیگر بیماریوں سے غزہ کے لوگوں کو بچایا جائے۔ ترک صدر طیب اردگان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اسرائیلی حملے‘ اسرائیل کی انسانی حقوق خلاف ورزیاں فوری روکے جانے‘ غزہ میں فوری اور پائیدار جنگ بندی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ صدر اردگان نے مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے اسلامی ممالک کی مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی و عالمی معاملات پر بھی بات چیت کی۔ اسرائیلی شہریوں نے رفح سے 6 یرغمالیوں کی لاشیں ملنے کے بعد وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں نیتن یاہو کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاج کیا۔ اسرائیلی شہریوں نے حکومت سے یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ کرنے کا مطالبہ کیا۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو حکومت پر یرغمالیوں کی رہائی معاہدے کیلئے عوام کا دباؤ بڑھنے لگا۔ تل ابیب میں لیبر یونین نے پیر کو عام ہڑتال کی کال دے دی۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ تل ابیب کی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور صنعتوں نے بھی ہڑتال کی حمایت کر دی۔ تل ابیب کا بناگو این ائیرپورٹ بھی آج بند رہے گا۔ اسرائیل کی مینو فیکچررز ایسوسی ایشن اور اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائبرلائیڈ نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی وزیر خزانہ نے ہڑتال کرنے والوں کو تنخواہیں نہ ملنے کی دھمکی دے دی۔ انہوں نے کہا ہڑتال کرنے سے حماس کے مفادات کا تحفظ ہو گا۔غزہ میں ماری گئی اسرائیلی مغوی خاتون کارمل گیٹ کے اہلخانہ نے وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا غزہ میں اسرائیلی مغویوں کا خون نیتن یاہو کے ہاتھوں پر ہے۔سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کو ٹیلی فون کیا ہے۔ مصری صدارتی دفتر کے مطابق محمد بن سلمان نے اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے عرب ‘ اسلامی ممالک کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ سعودی ولی عہد اور مصری صدر نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی آپریشن روکنے کا مطالبہ کیا۔ خطے میں بڑھتی کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزیدخبریں