سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کاحجم 8.416 ارب ڈالر سے تجاوزکر گیا 

Sep 02, 2024

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت):روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کاحجم 8.416 ارب ڈالر سے تجاوزکر گیا ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کر دہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2024 میں روشن ڈیجیٹل کے ذریعے سمندرپارپاکستانیوں نے 161 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جس کے بعد ستمبر 2020 سے لے کر اب تک روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعے ترسیلات زرکامجموعی حجم 8.416 ارب ڈالر سے تجاوزکرگیا ہے۔جون کے مہینے میں آر ڈی اے کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں نے 224 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ جولائی میں روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے ذریعے مزید 10820 اکائونٹس کھولے گئے جس کے بعد ان اکائونٹس کی تعداد 723598 ہو گئی ہے۔ آر ڈی اے کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں نے نیاپاکستان سرٹیفکیٹ میں 357 ملین ڈالر ، نیاپاکستان اسلامی سرٹیفکیٹ میں 618 ملین ڈالر اور روشن ایکویٹی انویسٹمنٹ کے تحت 39 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

مزیدخبریں