میہڑ: 3 بچے سیلاب میں ڈوب گئے: ملک میں 5 ستمبر تک مون سون جاری رہنے کا امکان

اسلام آباد‘ لاہور‘ میہڑ‘ کراچی (وقائع نگار+ کامرس رپورٹر+ آئی این پی+ این این آئی) تحصیل میہڑ میں تین بچے سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ میہڑ کے علاقے شاہ پنجو کے قریب دریائے سندھ کے پانی میں بچی ڈوب کر جاں بحق ہوئی، جس کی شناخت8  سالہ اختیارہ سولنگی کے نام سے ہوئی، بچی گھر کے قریب کھیل رہی تھی کہ پانی میں گر کر جاں بحق ہو گئی۔ ادھر میہڑ کے قریب سیلابی ریلے میں ڈوب کر ایک اور بچی جاں بحق ہوگئی۔ بچی سیلابی ریلے کے قریب کھیلتے ہوئے پائوں پھسلنے سے ریلے میں بہہ گئی اور ڈوب کر جاں بحق ہو گئی۔ میہڑ کے قریب گائوں رائیس کینال میں9  سالہ بچہ ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ شناخت رضوان کھوسو کی نام سے ہوئی۔ سمندری طوفان ’’اسنیٰ‘‘ کے مزید دور ہونے سے شہر قائد میں مزید موسلا دھار بارش اور تندو تیز ہوائوں کا امکان ختم ہو گیا تاہم مطلع جزوی ابرآلود رہا۔ محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان سے متعلق نواں الرٹ جاری کیا ہے جس کے مطابق کراچی سے طوفان ’’اسنیٰ‘‘ مزید دور چلا گیا اور فاصلہ500 کلو میٹر ہوگیا جبکہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں اورماڑہ سے350  اور گوادر سے260  کلو میٹر دور ہے۔ سمندری طوفان جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے اور شدت میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔ محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق پیر آج کراچی میں درمیانی و ہلکی بارش جبکہ کہیں کہیں پھوار، بوندا باندی کا امکان ہے۔ حب ڈیم گزشتہ روز مکمل طور پر بھر گیا ہے۔ ڈیم میں پانی کی سطح 339 فٹ اور قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 6 لاکھ 46 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ پانی کے مذکورہ  ذخیرہ سے کراچی اور حب لسبیلہ کی پانی کی ضروریات پورا کرنے کے لئے 3 سال تک پانی فراہم کیا جا سکتا ہے۔ اضافی پانی کو سپیل وے کے ذریعے محفوظ طریقے سے زیریں جانب خارج کیا جا رہا ہے۔ نیشنل ایمرجنسز آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں آج سے  5 ستمبر کے دوران مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ سسٹم کے تحت، شمال مشرقی پنجاب میں درمیانی بارشوں کا امکان ہے۔ پوٹھوہار سمیت لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد میں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔ خیبرپختونخوا، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں، پشاور میں ہلکی سے تیز بارش کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپلی کیشن لانچ کی ہے، جو کہ گوگل پلے سٹور اور آئی او ایس ایپ سٹور پر دستیاب ہے، تاکہ عوام کو بروقت الرٹس، ایڈوائزریز اور گائیڈ لائنز فراہم کی جاسکیں۔  خطرے سے دو چار علاقوں کے رہائشی  پیشگی اقدامات یقینی بنائیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایت پر عمل کریں۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو چوکس رہنے اور عوام کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آخری الرٹ میں بلوچستان کے ماہی گیروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آج (پیر) تک کھلے سمندر میں نہ جائیں۔ قبل ازیں گڈانی کے کھلے سمندر میں شکار کے لئے جانے والی مقامی ماہی گیر کی کشتی تیز لہروں کی زد میں آ کر الٹ گئی جس میں 5 ماہی گیر سوار تھے جنہوں نے تیر کر جان بچائی جبکہ کشتی میں موجود جال اور مچھلی سمندر برد ہو گئے۔

ای پیپر دی نیشن