اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی کا کہنا ہے کہ پارٹی کی سینئر قیادت نے مسلم لیگ ن سے نہ کوئی مذاکرات کیے نہ ہی خواہش ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی کا کہنا تھا ہماری اسپیکر قومی اسمبلی سے کسی بھی مذاکراتی عمل پر گفتگو نہیں ہوئی۔ان کا کہنا تھا کوئی پی ٹی آئی رکن اسمبلی لیگی قیادت یا رہنماؤں سے مذاکرات کیلئے رابطے میں نہیں ہے، پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی یا سینئر قیادت نے ن لیگ سے نہ کوئی مذاکرات کیے نہ ایسی کوئی خواہش ہے۔بیرسٹر گوہر علی کا کہنا تھا قومی اسمبلی کی کارروائی سے متعلق اسپیکر سے مختلف معاملات پر بات چیت ہوتی ہے، پی ٹی آئی نے نہ ہی مذاکرات کی کوئی آفر دی نہ اور نہ ہی کوئی فیور مانگا۔گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا پی ٹی آئی قیادت سے مذاکرات کے لیے بنائی گئی کمیٹی کا حصہ نہیں ہوں۔ دوسری طرف اسد قیصر نے کہا کہ حکومت کے پاس مینڈیٹ نہیں جو بات ہوگی تحفظ پاکستان کے تحت ہوگی، اتحاد کے سربراہ محمود اچکزئی کوئی انگیجمنٹ کرتے ہیں تو ہمیں توئی اعتراض نہیں ہوگا، دیکھیں گے بات چیت کا ایجنڈا کیا ہے، پھر مشاورت کرینگے، آج اچکزئی سے ملاقات ہوگی، بلوچستان کی صورتحال پر تشویش ہے، پارٹی اپنے سسٹم کے تحت پارٹی کے اندر کے معاملات حل کر رہی ہے۔