اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیر خارجہ کے کشمیر پر بیان سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے مؤقف میں کہا ہے کہ پاکستان ایسے بیانیہ کو مسترد کرتا ہے جو ظاہر کرے کشمیر کا تنازع یکطرفہ طور پر طے ہوا یا ہو سکتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدامات اس حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے، ایسے دعوے زمینی حقائق کو نظر انداز کرتے ہیں۔ کشمیر کا تنازعہ ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے مزید کہا کہ اگرچہ پاکستان سفارتکاری اور بات چیت کیلئے پرعزم ہے لیکن وہ کسی بھی جارحیت کا غیرمتزلزل عزم کے ساتھ بھرپور جواب دے گا۔ جنوبی ایشیا میں حقیقی امن و استحکام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اس تنازع کے حل سے جڑا ہے۔ پاکستان بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ غیرقانونی طور پر زیرقبضہ کشمیر کے بارے میں اپنے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے اور جموں کشمیر کے تنازعہ کے منصفانہ‘ پرامن‘ دیرپا حل اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لئے بامعنی مذاکرات کرے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل بھارتی وزیر خارجہ سبرامینم جے شنکر نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ جہاں تک جنوں و کشمیر کا تعلق ہے تو آرٹیکل 370 ختم ہو چکا ہے تو یہ معاملہ ختم ہو چکا۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ بلاتعطل بات چیت اور مذاکرات کا دور ختم ہو گیا ہے کیونکہ ہر عمل کے نتائج برآمد ہوتے ہیں۔
تنازعہ کشمیر یکطرفہ طے کرنیوالا بیانیہ مسترد، امن کیلئے بھارت بامعنی مذاکرات کرے: پاکستان
Sep 02, 2024