لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے اپنی چھت کے خواب کوپورا کریں گے۔ اخوت کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب سے ملاقات میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈاکٹر امجد ثاقب کی سربراہی میں اخوت کی سماجی خدمات کو سراہا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے بجلی کے بلوں میں عوامی ریلیف اور اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں لو کاسٹ ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز ہو چکا ہے اور ہر سال دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام پاکستان کی تاریخ کاسب سے بڑا اور سستا رہائشی پر اجیکٹ ہوگا۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا بنیادی مقصد مالی طور کمزور طبقوں کو رہائش فراہم کرنا ہے۔ عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کے لئے حکومتی سبسڈیز دیں گے اور آسان ترین ماہانہ اقساط مقررکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت پائیدار اور ماحول دوست گھروں کی تعمیر کو فروغ دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ انقلابی ہاؤسنگ پراجیکٹ کے اجراء سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا اور لاکھوں خاندان بہتر زندگی گزار سکیں گے۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام سود کے بغیر قرضوں کی فراہمی کے لئے ملکی تاریخ کا پہلا بڑا پراجیکٹ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ بے گھر لوگوں کو اپنے گھر کی فراہمی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں تین پلان کے تحت پراجیکٹ لانچ کیے جارہے ہیں۔ دیہات میں 10مرلے تک اور شہروں میں پانچ مرلے تک رہائشی پلاٹ کے مالکان 15لاکھ روپے تک قرض لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر سکیم میں تقریباً 14ہزار روپے ماہانہ اقساط میں واپس کرنے ہوں گے، کوئی سود نہیں۔ بڑے شہروں میں سرکاری زمینوں پر 4منزلہ فلیٹس تعمیر کریں گے۔ فلیٹ آسان اقساط سے قرعہ اندازی کے ذریعے لوگوں کو مہیا کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں تین سے پانچ مرلے تک گھربنا کر دیئے جائیں گے۔ پرائیویٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ میں حکومت ہر گھر کے لئے10 لاکھ روپے تک سبسڈی دے گی۔ پرائیویٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ درخواست دہندہ پانچ سالوں میں باقی اقساط ادا کرکے اپنے گھر کا مالک بن جائے گا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے مریم نوازشریف کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، سیکرٹری ہاؤسنگ اسد اللہ خان، چیف منسٹر کمپلینٹ سیل کے سربراہ شعیب مرزا، سیکرٹری سی ایم آفس دانش افضال اور پرسنل سیکرٹری صائمہ فاروق بھی موجود تھیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی برسی کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ سید علی گیلانی دنیا بھر میں حریت کی لازوال مثال بن کر زندہ رہیں گے اور تحریک آزادی کشمیر کے نڈر رہنما سید علی گیلانی سے غاصب قوتیں ہمیشہ خوفزدہ تھیں۔ سید علی گیلانی کی بے مثال جہدوجہد کو تاریخ آزادی کشمیر میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔