مظفر آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق کا کہنا ہے کہ ہمیں کشمیر کے معاملے پر حکمت عملی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ حریت پسند کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر منعقد سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سردار عتیق کا کہنا تھا سید علی گیلانی نے مشکل ترین حالات میں کشمیر کی نمائندگی کی، کشمیر میں معصوم شہری آج بھی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ سردار عتیق کا کہنا تھا کشمیر پر حکمت عملی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، کشمیر کی آزادی کی تحریک کو پرو ایکٹو کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کشمیر کا تعلق پاکستان کے دفاع سے اور پاکستان کے دفاع کا تعلق ایٹمی پروگرام کے ساتھ ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفرالحق نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا نہیں کر سکا، جب آپ کشمیر کیلئے عملی طور پر نکلیں گے ہی نہیں تو کشمیر کیسے آزاد ہو گا۔ راجا ظفر الحق کا کہنا تھا ہم بھارتی سفارت خانے گئے اور وہاں بھی کشمیرکے لیے آواز اٹھائی، تقریروں کی بجائے کوئی کمیٹی بنائیں تاکہ کشمیر پر کام شروع ہو سکے۔