شکر گڑھ: تھانہ شاہ غریب کی حوالات میں ملزم جاں بحق‘ خود کشی کی: ڈی پی او

Sep 02, 2024

شکرگڑھ (نامہ نگار) تھانہ شاہ غریب میں حوالاتی جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر خودکشی کی۔ تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ شاہ غریب کی حوالات میں چوری کے الزام میں گرفتار کڈیالی کا رہائشی ملزم فاروق کی موت واقع ہوگئی ،گزشتہ صبح حوالات سے اس کی نعش ملی۔پولیس نے موت کو خودکشی قرار دیا۔ ڈی پی او نوید ملک کے مطابق  فاروق نے مبینہ طور پر خودکشی کی۔ جاں بحق فاروق کی نعش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں مجسٹریٹ کے حکم پر میڈیکل بورڈ پوسٹ مارٹم اور موت کی وجوہات کا تعین کرے گا۔ پولیس کے مطابق متوفی پر درجنوں مقدمات درج تھے، تفتیش کے دوران ملزم نے 11 موٹر سائیکلوں کی چوری کا اعتراف کیا تھا۔ ملزم سے 4 موٹر سائیکل برآمد ہو چکی تھیں جبکہ 7برآمد کرنا  باقی تھیں۔ فجر کے وقت سپاہی نے دیکھا تو ملزم مردہ حالت میں پڑا تھا اور مبینہ طور پر اس نے گلے میں کپڑا ڈال کر خودکشی کر لی تھی۔ پولیس نے ملزم کی حوالات میں موجودگی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری کی تاہم خودکشی کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری نہیں کی۔ پولیس نے فارنزک ٹیم کو طلب کیا۔ ڈی پی او نے بتایا کہ واقعہ کی جوڈیشل انکوائری ہوگی۔

مزیدخبریں