سکھوں کی مذہبی کتاب گرنتھ صاحب کے 420 سال مکمل ہونے پر تقریب‘ جلوس نکالا گیا

ننکانہ (نامہ نگار) سکھ مذہب کی مقدس کتاب گورو گرنتھ صاحب کے پہلے پرکاش کے 420 سال مکمل ہونے پر گوردوارہ جنم استھان میں تقریب ہوئی جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب و چیئرمین پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ‘ جنرل سیکرٹری پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی ستونت کور سمیت دیگر ممبران‘ ملک بھر سے سکھ رہنمائوں اور سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔ سکھ یاتریوں نے بابا گورو نانک کی جائے پیدائش گوردوارہ جنم استھان میں مذہبی رسومات ادا کیں اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور دنیا بھر میں امن و امان کے لئے خصوصی دعا کی۔ اس سے قبل سکھ برادری کی طرف سے گورو گرنتھ صاحب کے پہلے پرکاش کی خوشی میں گوردوارہ بالیلہ صاحب سے گوردوارہ جنم استھان تک نگر کیرتن نکالا گیا جس میں ہزاروں سکھ یاتریوں نے مذہبی گیت گاتے اور اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے ہوئے شرکت کی۔ حکومت پاکستان کی ہدایت پر متروکہ وقف املاک بورڈ نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سکھ یاتریوں کے قیام و طعام‘ لنگر‘ میڈیکل اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے۔

ای پیپر دی نیشن