’’حق دو عوام کو‘‘ تحریک کا آج دوسرا فیز شروع، کرپٹ سرمایہ دار کا مقابلہ کریں گے: حافظ نعیم

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عوام کو متحد کر کے ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار کا مقابلہ کریں گے۔ قوم پرستی کی بنیاد پر تقسیم ناقابل قبول ہے۔ ریاست کا مطلب فوج اور عدلیہ نہیں بلکہ عوام ہے۔ ن لیگ، پی پی فارم 47 کی بنیاد پر اقتدار میں قابض ہیں، ان سیاسی جماعتوں میں جمہوریت نہیں بلکہ پیسے کی بنیاد پر شمولیتیں ہوتی ہیں۔ ملک پر مسلط اشرافیہ نے مڈل کلاس کا بھی جینا دوبھر کیا ہے۔ اہل بلوچستان کا مقدمہ مینار پاکستان میں لڑیں گے۔ مجتمع ہو کر پُرامن سیاسی مزاحمت جاری رکھیں گے۔ آج سے ’’حق دو عوام‘‘ کو تحریک کے دوسرے فیز کا باقاعدہ آغاز کر رہے ہیں۔ ہر خاص و عام کو دعوت دیتا ہوں کہ جماعت اسلامی کے ممبر بنیں، ظلم کے خاتمے، عدل کے قیام اور طبقاتی نظام سے چھٹکارا پانے کے لیے ہمارے دست و بازو بنیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوہر ٹاؤن لاہور میں ممبر شپ مہم کے افتتاح اور اجتماعی ناشتے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر لاہور ضیاء الدین انصاری، نائب امیر پنجاب وسطی وقاص احمد بٹ، امیر غربی لاہور عبدالعزیز عابد، امیرزون عبدالقیوم گجر و دیگر ذمہ دار موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری کے باعث لوگ خودکشی کر رہے۔ بجلی کے بل بم بن چکے ہیں۔ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں، مختلف این جی اوز کسی خاص دائرے میں خواتین کے حقوق کی بات کرتی ہیں۔ جماعت اسلامی خواتین کے تحفظ، تعلیم، روزگار اور عزت کے حوالے سے قانون سازی کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن