اسلام آباد+ منیلا+ دبئی (خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ+ شِنہوا+ آئی این پی) پاکستان میں منکی پاکس کا چوتھا کیس رپورٹ ہوا ہے۔ حالیہ ایمرجنسی کے بعد کیسز کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق متاثرہ شخص کا تعلق پشاور سے ہے، 47 سالہ شہری کو 29 اگست کو بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے علامات کی بنیاد پر آئسولیٹ کیا تھا جو خلیجی ملک سے آیا ہے۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق گزشتہ روز کراچی سے رپورٹ ہونے والا ایم پاکس کے مشتبہ شخص کا نمونہ نیگیٹو آیا ہے، مشتبہ شخص کو بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے آئسولیٹ کیا تھا۔ جبکہ فلپائن میں منکی پاکس کے مزید 3 نئے کیسز سامنے آ گئے جس سے ملک میں اس مرض کے مجموعی فعال کیسز کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔ فلپائن کے وزیر صحت تیوڈورو ہربوسا نے کہا کہ تین نئے مریضوں میں میٹرو منیلا سے تعلق رکھنے والے 29 اور 34 سال کے مرد اور منیلا کے جنوب میں ایک علاقے سے تعلق رکھنے والا ایک 29 سالہ شخص شامل ہے۔ علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے کانگو، نائجیریا، جنوبی افریقہ، کوٹ ڈی آئیوری اور کیمرون کے لیے ایم پاکس ویکسین لے جانے والے کئی طیارے بھیج دیئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اس اقدام کا مقصد پانچ افریقی ممالک کی اس وائرس کے پھیلائو سے نمٹنے اور اس پر قابو پانے کی کوششوں میں معاونت کرنا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت شیخ شخبوت بن نہیان النہیان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ معاونت بحرانوں اور آفات کے دوران دیگر ممالک کی مدد کے لیے ملک کے غیرمتزلزل عزم کی توثیق کرتی ہے۔
منکی پاکس، پاکستان میں 4 کیس، امارات نے افریقی ممالک کو کئی طیارے ویکسین بھجوا دی
Sep 02, 2024