راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ محسنِ اعظمِ انسانیت ؐ کی تعلیمات سے ہم دنیا کا ماحول ایسا بنا سکتے ہیں جہاں پر خیر، امن، سلامتی اور اخوت و محبت فروغ پائیں ، آج زبان کے اس غلط استعمال سے ہمارے معاشرے میں ہر طرف جھگڑے، فتنے، فساد اور انتشار کی جو فضا قائم ہو چکی ہے ہم سب کو اس سے توبہ کر کے اپنی اصلاح کرنا ہو گی کیونکہ ہم جب غیبت، بد اخلاقی، دوسروں کی عزتوں سے کھیلنے، بد نیتی، تکبر، بغض و عناداور بد گمانی کے مرتکب ہوتے ہیں تو ہمار ی ذات شر کا حصہ بنتی ہے جس سے ہم کسی دوسرے کا نہیں بلکہ اپنا نقصان آپ کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ مبارک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا، اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیزکی خوشحالی، سلامتی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مسلمانوں کی ظلم و بر بریت سے نجات، آزادی و آباد کاری کے لئے خصوصی دعا کرائی۔