لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف کے بغض میں پی ٹی آئی کے لوگ اندھے، گونگے اور بہرے ہو چکے ہیں۔ نواز شریف کے بھائی شہباز شریف نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا جبکہ ان کی بیٹی دن رات پنجاب کے عوام کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ نواز شریف ملک و قوم کی بات کرنے والے لیڈر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسد قیصر کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو گڑھے آپ کا نالائق اور نکما لیڈر عمران خان کھود گیا تھا شہباز شریف انہیں بھر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف عمران خان کی طرح ملک پر ایٹم بم گرانے کی خواہش کرنے والے لیڈر نہیں۔ جیل میں آپ کے چور، بد دیانت اور کرپٹ لیڈر ہیں لہٰذا مذاکرات اور پاؤں پکڑنے کی ضرورت آپ کو ہے۔ ہمیں آپ سے بات کرنے یا آپ کا چہرہ دیکھنے کا بھی کوئی شوق نہیں ہے۔