اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹرسے)صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ تاجر دوست سکیم کے ایوولیشن ٹیکس ٹیبل کی واپسی تک حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہونگے ۔حکومت مذاکرات کیلئے اگر سنجیدہ ہے تو پہلے تاجر دوست سکیم کے ٹیکس ٹیبل کی واپسی بنیادی شرط ہے اس کے بغیر کوئی مذاکرات نہیں ہونگے ، ملک بھر کے تاجر وں نے جس اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخی ملک گیر کامیاب شٹر ڈاون ہڑتال کرکے حکمرانوں کو ایک موثر پیغام دیا کہ اب ''لگان'' کوئی نہیں دے گا تاجر پہلے بھی ٹیکس دے رہے ہیں اور آئندہ بھی ٹیکس دینے کو تیار ہیں لیکن کوئی یہ سمجھے کہ تاجروں سے ''لگان '' لے گا تو ایسا ممکن نہیں ہے ، ملک بھر کی تاجر برداری سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اگر حکومت نے فوری تاجر دوست سکیم کے ٹیکس ٹیبل کی واپسی کا اعلان نہ کیا تو پہلے مرحلے میں تین دن کی شٹرڈاون ہڑتال ہوگی جس کے بعد غیر معینہ مدت کیلئے ملک بھر کی صنعتیں اور کاروبار بند کر دیئے جائیں گے ۔گزشتہ روز جاری بیان کے مطابق کاشف چوہدری کا کہنا تھا کہ چند مفاد پرست اور نام نہاد حکومتی چھتری میں بیٹھے افراد تاجر بن کر حکومت کے ساتھ مذاکرات کی جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں ہم نے ابھی مذاکرات نہیں کیے اور جب تاجر دوست سکیم کے ٹیکس ٹیبل کی واپسی ہوگی تو مذاکرات ہونگے ۔