جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے لئے بلدیاتی انتخابات ضروری،مقررین

Sep 02, 2024

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ جو شہریوں کو براہ راست اپنی رائے دینے کا حق دیتے ہیں ۔صوبائی حکومت سے پر زور مطالبہ ہے کہ وہ ان انتخابات کو ترجیح دیں۔جمہوری عمل کو مضبوط بنانے اور صوبے میں جامع ترقی کے لیے مقامی کمیونٹیز اور مقامی حکومتوں کو شامل کیے بغیر ممکن نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی کے ایک مقامی ہوٹل میں سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن  کے زیر انتظام  سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی اہمیت کو زیر بحث لایا گیا۔تقریب میں موجودہ اور سابق قانون ساز و سیاسی شخصیات، اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔مقررین نے موثر لوکل گورننس اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کو یقینی بنانے کے لیے بروقت انتخابات کی ضرورت پر زور دیا۔ملک افتخار احمد، ممبر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ نچلی سطح پر جمہوریت وہ بنیاد ہے جس پر ہم ایک  جامع اور ذمہ دار سیاسی نظام تشکیل دے سکتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات اس عمل میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں،طاہرہ مشتاق، ممبر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میں کمیونٹی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے لوکل گورننس کی طاقت پر یقین رکھتی ہوں۔ ہمارے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد بہت ضروری ہے کہ ہر شہری کی آواز سنی جائے۔ملک منصور افسر ممبر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنانے کا مقصد نہ صرف جمہوری اصولوں کو برقرار رکھنا ہے بلکہ موثر طرز حکمرانی کی فراہمی بھی ہے۔ 

مزیدخبریں