راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)راولپنڈی کی تاجر تنظیموں نے گیارہ ستمبر کو ہونے والے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں میاں پرویز اسلم گروپ کی حمایت کا اعلان کردیا،اور چیمبر کی موجودہ قیادت سے عہد کیا کہ میاں پرویز اسلم گروپ کی 72 سالہ خدمات کا صلہ گیارہ ستمبر کو ووٹ دے کر ادا کیا جائے گا۔گزشتہ روز راولپنڈی ریسٹورینٹس کیٹررز سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کے زیر انتظام راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر میاں پرویز اسلم (مرحوم)گروپ ممبران کے اعزاز میں شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔جس میں تاجر تنظیموں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا آغازتلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ایسوسی ایشن کے سر پرست اعلی محمد نعیم نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میاں پرویز اسلم گروپ نے راولپنڈی چیمبر کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔صدر ایسوسی ایشن محمد فاروق چوہدری نے کہا کہ سہیل الطاف سے ہم نے سیکھا کہ اپنے تاجروں کا دفاع کیسے کرتے ہیں۔ ہم چیمبر کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔چئیرمین ایسوسی ایشن ممتاز احمد نے کہا کہ میاں اسلم گروپ گزشتہ 72 سال سے تاجروں کے لیے خدمات انجام دے رہا ہے۔