سید علی گیلانی نامور، دلیر اور زیرک حریت رہنما تھے، سردار ایاز صادق

اسلام آباد(خبرنگار)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی نامور، دلیر اور زیرک حریت رہنما تھے، سید علی گیلانی کی جواں مردی اور جرات مندانہ جدو جہد نے تحریک آزادی کشمیر کو جلا بخشی ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے اتوار کو سپیکر قومی اسمبلی نے سید علی گیلانی کی تیسری برسی پر جاری اپنے پیغام میں سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے جدو جہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی نامور، دلیر اور زیرک حریت رہنما تھے،سید علی گیلانی کی جواں مردی اور جرات مندانہ جدو جہد نے تحریک آزادی کشمیر کو جلا بخشی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سید علی گیلانی نے تحریک آزادی کشمیر کیلئے بھارتی حکومت کی زیر حراست قید و بند کی طویل صعوبتیں برداشت کیں، تحریک آزادی کشمیر کیلئے سید علی گیلانی کی قربانیوں کو تاریخ میں سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا،سید علی گیلانی کی جاندار آواز نے تحریک آزادی کشمیر کو نئی روح پھونکی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے انتھک محنت اور غیر متزلزل عزم نے کشمیری عوام پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں ، انہوں نے بھارتی مظالم اور بربریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور سید علی گیلانی بھارتی ریاستی جبر اور ظلم کے آگے سیسہ پلائی دیوار بننے رہے اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کیلئے حریت رہنما سید علی گیلانی کی خدمات اور قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،سید علی گیلانی کا پاکستان ہمارا ہم پاکستانی ہیں کا نعرہ آج بھی ہر کشمیری کے دل میں گونج رہا ہے،جدو جہد آزادی کشمیر کیلئے شہدا کشمیر کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ایک دن آزادی کی عظیم نعمت حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہونگے پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی تحریک میں ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اللہ تعالی سے سید علی گیلانی سمیت دیگر شہدا کشمیر کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی

ای پیپر دی نیشن