دوسرا ٹیسٹ میچ:قومی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 172 رنز پر ڈھیر ،بنگلا دیش کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میں چوتھے روز قومی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔  پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنا لیے ہیں جبکہ میچ میں کامیابی کے لیے مہمان ٹیم مزید 143 رنز درکار ہیں۔ ذاکر حسن 31 اور شادمان اسلام 9 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 172 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ دوسری اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی تھی، ایک وقت پر آدھی ٹیم صرف 65 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔ محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ذمے داری سے بیٹنگ کی اور پاکستان کا اسکور جب 136 رنز پر پہنچا تو محمد رضوان آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 43 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سلمان علی آغا 47 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ عبداللّٰہ شفیق 3، صائم ایوب 20، شان مسعود 28 بابر اعظم 11، سعود شکیل اور ابرار احمد 2، 2 اور میر حمزہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ خرم شہزاد اور محمد علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔بنگلا دیش کی جانب سے حسن محمود نے 5 اور ناہید رانا نے  4 جبکہ تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ای پیپر دی نیشن