پیپلزپارٹی کے بانی و چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی بتیسویں برسی کل منائی جائیگی جس میں شرکت کے لیے ملک بھر سے قافلے گڑھی خدا بخش پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی کی تقریبات کا آغاز آج شام نوڈیرو ہاؤس میں صدر اورپیپلزپارٹی کےشریک چئیرمین آصف زرداری کی سربراہی میں پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت، پارٹی سے تجدید عہد وفا اور ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس کے بعد ذوالفقار علی بھٹو کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی ہوگی جس کے بعد مشاعرہ اور رات بارہ بجے جلسہ عام ہوگا۔ جس سے پارٹی کے مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔ جلسے کے اختتام پرذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دیئے جانے کے وقت دو بج کر بارہ منٹ پر خاموشی اختیار کی جائے گی اور ان کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی جائے گی جس کے بعد ذوالفقار علی بھٹو کے مزار پر حاضری کا سلسلہ شروع ہوگا جو کل شام تک جاری رہے گا۔ برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے ملک بھر سے قافلے گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں۔ سندھ بھرمیں اس موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیاہے۔

ای پیپر دی نیشن