ورلڈ کپ کرکٹ دوہزارگیارہ کے خاتمے کے ساتھ ہی دنیا بھرکے بیٹسمینوں کو تگنی کا ناچ نچانے والے سری لنکن باؤلرمرلی دھرن کا کیریئر بھی اختتام کو پہنچ گیا

جادوگرکے نام سے دنیا میں دھوم مچانے والے باؤلر متایا مرلی دھرن سترہ اپریل انیس سو بہتر کو سری لنکا کے شہر کینڈی میں پیدا ہوئے۔ دائیں ہاتھ سے سپن باؤلنگ کرنے والے مرلی دھرن نے اگست انیس سو ترانوے میں بھارت کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا۔ ایک روزہ میچوں میں آٹھ نمبر کی شرٹ پہننے والے باؤلرنے ون ڈے میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ بنایا، تین سو پچاس ون ڈے میچز کھیلنے والے مرلی کی وکٹوں کی تعداد پانچ سو چونتیس رہی۔ انہوں نے یہ وکٹیں تقریباً تئیس کی اوسط سے حاصل کیں۔ انہوں نے ان میچوں کے دوران دس بار ایسے موقع دیکھے جب انہوں نے پانچ یا اس سے زائد کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کی بہترین پرفارمنس تیس رنز دت کر سات وکٹیں تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ون ڈے میچوں میں ایک سو انتیس کیچ بھی پکڑے۔ دو ہزاردس میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے مرلی دھرن نے پہلے ہی ون ڈے میچوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررکھا تھا تاہم ان کے کیریئرکا اہتمام کوئی شاندار نہ رہا اوروہ آخری میچ میں کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ یوں وہ ڈان بریڈ مین کے بعد دوسرے عظیم کھلاڑی بن گئے جو اپنے آخری میچ میں ناکام رہے۔ مرلی دھرن اپنے کیریئرمیں کئی بار تنازعات کا شکار رہے خاص کر انہیں اپنے ایکشن کی وجہ سے خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ آٹھ سو وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے کیریئرمیں ایک سو تینتیس ٹیسٹ میچز کھیلے اورٹیسٹ اورون ڈے میں اپنے کیریئرکا اختتام بھارت کے خلاف کیا ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں کل ملا کران کی انٹرنیشنل وکٹوں کی تعداد تیرہ سو سینتالیس رہی۔

ای پیپر دی نیشن