اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان اور افغانستان کے لئے جرمنی کے خصوصی نمائندہ ڈاکٹر مائیکل کاخ نے کہا ہے کہ اب افغانستان میں جنگ کو ختم ہونا چاہئے اور افغان مسئلے کا مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کیا جانا چاہئے۔ گزشتہ شام جرمنی کے سفارتخانے میں اپنے اعزاز میں دی گئی الوداعی تقریب میں نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری رائے میں 2014ءکے بعد افغانستان میں نیٹو کی لڑاکا فوج نہیں ہونی چاہئے صرف افغان فوج کو تربیت دینے والے فوجی افغانستان میں ہونے چاہئیں۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ افغانستان میں امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں تو ڈاکٹر مائیکل نے کہا کہ میں تفصیلات میں نہیں جانا چاہتا لیکن میرے خیال میں افغان مسئلہ کا مذاکراتی حل تلاش کیا جانا چاہئے۔ کوشش ہو گی کہ افغانستان میں اب امن قائم ہو اور نیٹو کی فورسز اپنے شیڈول کے مطابق 2014ء تک افغانستان سے نکل جائیں۔