لاہور(خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ عوام سیاسی فرعونوں سے نجات کے لیے نظامِ مصطفی کا پرچم تھام لیں، نظامِ مصطفی آئے گا تو عوام کو روٹی، کپڑا، مکان اور امن ملے گا، منی لانڈرنگ کے مجرموں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے، الیکشن کمشن لیپا پوتی کی بجائے بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈالے، امیدواروں کی سچی اور کھری جانچ پڑتال نہ ہوئی تو شدید عوامی ردعمل ہو گا اور انتخابات متنازع ہو جائیں گے۔ عوام ووٹ کو تبدیلی کی چابی بنائیں۔ غریب عوام کا دم بھرنے والے اقتدار کے لیے اربوں روپے لٹا رہے ہیں۔ مراعات یافتہ حکمران اشرافیہ کے خلاف عوامی غم و غصہ 11مئی کو بیلٹ بکسوں سے نکلے گا۔ مشرف کی باقیات کو گلے لگانے والے موقع پرست ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان میں امیرترین لوگ غریب ترین لوگوں کے لیڈر بنے ہوئے ہیں، پاکستان قیادت کے بحران کا شکار ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ 11مئی کے الیکشن میں عوامی توقعات پوری نہ ہوئیں تو کوئی المیہ رونما ہو سکتا ہے۔