لاہور (اے پی پی) آٹھویں قومی ویمن کرکٹ چیمپئن شپ کل لاہور میں شروع ہو گی۔ 19 اپریل تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ میں 15 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کےلئے ایکشن میں دکھائی دینگی جس میں 12 ریجنل اور تین ڈیپارٹمنٹس کی ٹیمیں شامل ہیں اور انہیں دو مختلف گروپس اے اور بی میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ، لاہور، پاکستان یونیورسٹیز، ملتان، کراچی، فیصل آباد اور راولپنڈی شامل ہیں تمام میچز لیگ بنیادوں پر کھیلے جائیں گے اور پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ ٹیم فاتح قرار پائے گی۔ گروپ بی میں شامل ٹیموں کو آگے دو گروپس بی ون اور بی ٹو میں تقسیم کیا گیا ہے، بی ون میں اسلام آباد، پی کے بورڈ، بہاولپور اور پشاور جبکہ بی ٹو میں سیالکوٹ، حیدر آباد، ایبٹ آباد اور کوئٹہ شامل ہیں۔ دونوں گروپس کی دو بہترین ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے اختتام پر پول اے کی آخری ٹیم آئندہ برس پول بی کی ٹیم سے جبکہ پول بی کی فاتح ٹیم پول اے کی فاتح ٹیم کے مدمقابل ہو گی۔