کراچی ہاکی سٹیڈیم میں نیلی ٹرف بچھانے کا معاہدہ‘ پونے 6 کروڑ لاگت آئے گی

Apr 03, 2013

کراچی (سپورٹس رپورٹر) سیکرٹری سپورٹس حکومت سندھ صدیق میمن نے کہا ہے کہ ہاکی کلب آف پاکستان سٹیڈیم میں بلیو ٹرف کا فائدہ سندھ کے ساتھ ساتھ پورے ملک کو ہو گا۔ وہ ہاکی کلب آف پاکستان سٹیڈیم میں بلیو آسٹروٹرف بچھانے کے معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ صدیق میمن نے کہا کہ 2014ءمیں ہاکی کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کے لئے کوچنگ سیریز کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ میں کھیل کے میدانوں کو ترقی دی جائے گی اور نئے مراکز تعمیر کئے جائیں گے۔ ہاکی کلب میں بلیوٹرف بچھانے کے اخراجات مجموعی طور پر5 کروڑ70 لاکھ ہونگے۔ یہ منصوبہ18 مہینے میں مکمل کرلیا جائے گا۔ ٹرف بچھانے کے لئے موجودہ ٹرف کو ہٹانے کے بعد نئے ٹرف کی بیس بنائی جائے گی۔ ٹرف کے ساتھ ساتھ گول پوسٹ‘ ڈیجیٹل سکورنگ بورڈ‘ جیوری بکس‘ میڈیا بکس‘ سیوریج کا نظام‘ پانی کی فراہمی کا نظام اور سٹیڈیم کے مخدوش حصوں کی مرمت بھی کی جائے گی۔ پی ایچ ایف کے سیکرٹری آصف باجوہ نے کہا کہ کراچی میں گلشن اقبال‘ نارتھ ناظم آباد ‘ حیدرآباد‘ سکھر اور لاڑکانہ میں آسٹروٹرف کی سہولت کے بعد دیگر شہروں میں بھی یہ سہولت دستیاب ہوگی۔پارکنگ کے سلسلے میں پلاٹ مل چکا ہے اس پلاٹ پر دو منزلہ پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے بلیو اور گرین دونوں طرح کی ٹرف استعمال کرنے کی اجازت ہے اس لئے ہم نے بھی ملک میں بلیو اور گرین آسٹروف کی سہولت کھلاڑیوں کو فراہم کرنے کی کوشش کی ہے جس کا ہمیں فائدہ ہوگا اور ہم قومی کھیل ہاکی میں دوبارہ اپنا کھویا ہوا وقار حاصل کریں گے۔ 

مزیدخبریں