واشنگٹن (آن لائن) اعلیٰ امریکی ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کا آئندہ عام انتخابات میں کوئی اہم کردار نہیں تاہم انہیں اپنی سکیورٹی کے حوالے سے احتیاط برتنی ہو گی۔ جنوبی ایشیا بارے خارجہ تعلقات کونسل کے ماہر ڈینیئل مارکی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان میں مشرف ایک قصہ پارینہ بن چکے ہیں وہ ایک خطرناک صورتحال سے دوچار ہیں کیونکہ ان کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں اور ان کے لاتعداد دشمن بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کو پاکستان کے مقابلے میں امریکہ میں زیادہ احترام ملا ہے، میں ابھی تک حیران ہوں کہ وہ واپس پاکستان چلے گئے ہیں میں نے ایک جگہ پڑھا کہ سعودی عرب ان کی وطن واپسی میں مدد کر رہا ہے ہو سکتا ہے کہ ایسا ہو تاہم اس کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔