کراچی (آئی این پی ) سپریم کورٹ کے سابق جج اور سابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مامون قاضی بدھ کو انتقال کرگئے ۔ مامون قاضی نے 2000ء میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کردیا تھا۔ مامون قاضی کی نماز جنازہ (آج) جمعرات کو بعد از نماز مغرب سلطان مسجد ڈیفنس فیز 5 میں ادا کرکے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا جائیگا۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی، سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مقبول باقر سمیت اعلیٰ عدلیہ کے ججوں نے جسٹس مامون قاضی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے سابق چیف جسٹس مامون قاضی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے اور سوگوار خاندان کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔