بھٹو کی برسی کل منائی جائیگی، پیپلز پارٹی لاہور کا قافلہ گڑھی خدا بخش روانہ، جلسہ رات کی بجائے دن کو ہوگا: قائم علی شاہ

لاہور (خبر نگار+ آئی این پی) پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین و سابق وزیراعظم قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی 35 ویں برسی کل منائی جائیگی۔ برسی میں شرکت کیلئے پیپلز پارٹی لاہور کے سینکڑوں کارکنوں پر مشتمل قافلہ کراچی ایکسپریس کی چار بوگیوں میں پارٹی کے عہدیداروں کے ہمراہ لاڑکانہ گڑھی خدا بخش کیلئے روانہ ہو گیا۔ پیپلزپارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی نے لاہور ریلوے سٹیشن پر پی پی پی لاہور کے کارکنوں، عہدیداروں کو رخصت کیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حق میں نعرے بازی کی۔ ریلوے سٹیشن پر کارکنوں کی بذریعہ ٹرین لاڑکانہ روانگی کے وقت پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل بھی بھٹو زندہ تھا آج بھی بھٹو زندہ ہے اور رہتی دنیا تک زندہ رہے گا جس ڈکٹیٹر نے بھٹو کو پھانسی دی تھی آج اس کا کوئی نام لینے والا بھی موجود نہیں۔ بھٹو کے ادھورے مشن کی تکمیل کی جائے گی اور اس مقصد کے لئے اگر ہمیں اپنی جانوں کا نذرانہ بھی دینا پڑا تو دریغ نہیں کریں گے۔ پیپلزپارٹی لاہور تنظیم کا یہ قافلہ سینئر نائب صدر زاہد ذوالفقار خاں، جنرل سیکرٹری لاہور رانا اشعر نثار، زاہد ذوالفقار علی شاہ، اشرف بھٹی، ضیاء ناگرہ کی سربراہی میں گڑھی خدابخش کیلئے روانہ ہوا۔ سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ 4 اپریل کو شہید  ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر اس بار جلسہ رات کو نہیں دن کے وقت ہو گا۔ جلسے سے چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری و دیگر قائدین خطاب کریں گے۔ سکھر میں بھٹو کی برسی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے کیس کو چلانے کے لئے ہمارے وکلاء بار بار درخواستیں دے رہے ہیں اور یہ سپریم کورٹ پر منحصر ہے کہ وہ کب چلاتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...