مظفرآباد (ثناء نیوز) دو تیز رفتار جیپیں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کرتے ہوئے دریائے نیلم میں گر گئیں۔ حادثے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق دو تیز رفتار جیپیں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوششیں کررہی تھیں کہ مظفر آباد کے علاقے دیوالیاں میں تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر دریائے نیلم میں جا گریں جس سے چار افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے جبکہ دیگر افراد کو بھی معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو باہر نکالا جاں بحق ہونے والے افراد میں لال دین، شکیل، ڈرائیور صغیر حسین اور صادق شامل ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر نے واقعے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔