پاکستان کو افغانستان میں موجود ای ڈی اے ہتھیاروں میں سے کچھ نہیں ملے گا: امریکہ

Apr 03, 2014

واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون پر مبنی تعلقات بدستور قائم ہیں اور اس نے پاکستان کی جانب سے دفاعی ہتھیاروں کی فراہمی کی کوئی درخواست مسترد نہیں کی۔ بدھ کو امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان  نے بیان میں کہا امریکہ ہتھیاروں کے حوالے سے اہم عالمی منڈی ہے۔ ہم نے اس حوالے سے ملنے والی کسی پاکستانی درخواست کو مسترد نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ سکیورٹی کے حوالے سے کئی باہمی پروگرامز پر عمل پیرا ہیں، جن میں دفاعی شراکت داری اور صلاحیتوں میں اضافے کے معاہدے بھی شامل ہیں۔ اس وقت ہتھیاروں کی فراہمی بارے ایک پاکستانی درخواست کا جائزہ لیا جارہا ہے، تاہم افغانستان میں موجود ای ڈی اے ہتھیاروں میں سے پاکستان سمیت کسی بھی ملک کو کچھ نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت متعدد ممالک کی جانب سے قابل رسائی ہتھیاروں کے درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ یہ ہتھیار دنیا کے مختلف خطوں میں موجود ہیں جہاں ان کی ذمہ داری مخصوص افسروں کے پاس ہے جبکہ ان کا بڑا اور اہم ذخیرہ امریکہ میں موجود ہے، جس درخواست کو قابل غور سمجھا جاتا ہے اسے ان قابل رسائی ہتھیاروں کے ذخائر میں سے ادائیگی کر دی جاتی ہے۔ تاہم ان کے تحفظ اور آمدورفت کی ذمہ داری خریدار ملک ہی پر ہوتی ہے۔

مزیدخبریں